سیم سنگ کی سمارٹ واچز گیئر 2 اور گیئر 2 نیو

گیئر 2 میں اب کیمرا گھڑی کے مرکزی حصے پر لگا ہوا ہے جبکہ گیئر 2 نیو میں کیمرا نہیں ہے

جنوبی کوریائی ٹیکنالوجی کمپنی سیم سنگ نے گیئر 2 اور گیئر 2 نیو نامی ایسی گھڑیوں کی نمائش کی ہے جن میں دل کی دھڑکن کی رفتار معلوم کرنے کے لیے سینسر، پیڈو میٹر اور دیگر آلات نصب ہیں جو ورزش، نیند اور ذہنی تناؤ کی سطح معلوم کر سکتے ہیں۔

پیڈو میٹر وہ آلہ ہے جس کے ذریعے قدموں کی تعداد گن کر پیدل طے کیے گئے فاصلے کی پیمائش کی جا سکتی ہے۔

سیم سنگ کی طرف سے صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے اس قسم کی سمارٹ واچز یا گھڑی متعارف کرانے کی یہ دوسری کوشش ہے۔

یہ گھڑیاں گوگل کے اینڈروئڈ سافٹ ویئر کے بجائے ٹائزن او ایس موبائل نظام پر چلتی ہیں۔ اس اقدام کو سیم سنگ کی طرف سے گوگل کی مصنوعات پر اپنا انحصار کم کرنے کی کوشش سمجھا جا رہا ہے۔

توقع ہے کہ سیم سنگ پیر کی رات کو بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس کے دوران اپنے سمارٹ فون رینج کا نیا ورژن جاری کرے جسے ممکنہ طور پر گلیکسی ایس فائیو کا نام دیا جا سکتا ہے۔

’آزادی اور سٹائل‘

سیم سنگ نے دونوں مصنوعات کو’آزادی اور سٹائل‘ کی نشانی کے طور پر پیش کیا ہے۔ لیکن بہترین ڈیزائن کے باوجود یہ فیشنی اور سٹائلش گھڑی سے زیادہ ٹیکنالوجی والی گھڑی ہی دکھائی دیتی ہے۔

کمپنی کے موجودہ گیلیکسی ایس فور فون کو بہت پذیرائی ملی ہے اور اسے ایپل کے آئی فون کا حقیقی حریف سمجھا جاتا ہے۔

گیئر 2 اور گیئر 2 نیو سمارٹ فون کے ساتھ کے آلات ہیں، تاہم گذشتہ سال اس قسم کے گیئر کو صارفین اور ماہرین دونوں نے تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سیم سنگ کو امید ہے کہ نئے آلات میں لائی گئی بہتری سے ان مصنوعات پر اچھا اثر پڑے گا۔

اول تو یہ ہے کہ نئے آلات کی بیٹری کا دورانیہ کافی بہتر ہے اور سیم سنگ نے کہا ہے کہ چارج ہونے کے بعد ان آلات کی بیٹری دو سے تین دن چلے گی۔ پہلے گیئر کو روزانہ چارج کرنا پڑتا تھا۔

گیئر 2 میں اب کیمرا آلے کے مرکزی حصے پر لگا ہوا ہے جبکہ گیئر 2 نیو میں کیمرہ نہیں ہے لیکن یہ نسبتاً 13 گرام ہلکی ہے۔

سیم سنگ نے دونوں مصنوعات کو’آزادی اور سٹائل‘ کی نشانی کے طور پر پیش کیا ہے۔ لیکن بہترین ڈیزائن کے باوجود یہ فیشنی اور سٹائلش گھڑی سے زیادہ ٹیکنالوجی والی گھڑی ہی
دکھائی دیتی ہے

http://www.bbc.co.uk/urdu/science/2014/02/140224_samsung_smartwatch_gear2_rk.shtml